اتوار، 26 اکتوبر، 2025

غزہ: امن کی تلاش یا طاقت کی آزمائش



 غزہ: امن کی تلاش یا طاقت کی آزمائش

 امریکہ نے ایک بار پھر مشرقِ وسطیٰ کے نقشے پر نئی بساط بچھانے کی کوشش کی ہے۔ اس بار عنوان ہے: غزہ کے لیے بین الاقوامی سیکیورٹی فورس 
ISF) 
 ایک ایسا منصوبہ جو صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے امن فارمولے کا مرکزی ستون بتایا جا رہا ہے۔ امریکی وزیرِ خارجہ نے انکشاف کیا ہے کہ ’’کئی ممالک‘‘ نے اس فورس میں شمولیت کی پیش کش کی ہے، مگر ساتھ ہی شرط عائد کی گئی ہے کہ اس میں صرف وہی ممالک شامل ہوں گے جن پر اسرائیل کو اعتماد ہو۔ یہ جملہ بظاہر سادہ ہے، مگر اپنے اندر پوری سیاست سمیٹے ہوئے ہے۔ گویا امن کا پیغام بھی اسی دروازے سے گزرے گا جس کی چابی اسرائیل کے پاس ہے۔
 وزیرِ خارجہ کے مطابق اس منصوبے پر مذاکرات جاری ہیں اور اسے جلد عملی شکل دینے کا ارادہ ہے۔ تاہم انہوں نے خود اعتراف کیا کہ جب تک حماس کے ساتھ کسی درجے کی مفاہمت نہیں ہوتی، اس فورس کی تعیناتی ایک خواب ہی رہے گی۔  وزیرِ خارجہ کا کہنا ہے کہ اس فورس کا مقصد ایسے حالات پیدا کرنا ہے کہ  غزہ ایک غیر مسلح خطہ بن جائے جہاں کوئی گروہ اسرائیل یا اپنی ہی عوام کے لیے خطرہ نہ بنے۔ ٹرمپ پلان کے مطابق حماس کا غیر مسلح ہونا لازمی قرار دیا گیا ہے، اور اگر اس نے اسلحہ چھوڑنے سے انکار کیا تو ’’معاہدے کی خلاف ورزی‘‘ سمجھا جائے گا — جسے، ان کے الفاظ میں، ’’نافذ‘‘ کرنا پڑے گا۔ اب سوال یہ ہے کہ یہ ’’نافذ کرنے‘‘ والا مرحلہ کس کے ہاتھ میں ہوگا؟ اسی ضمن میں 
ISF
 کی ساخت سامنے آتی ہے۔ منصوبے کے تحت یہ فورس ایک کثیرالملکی امن مشن ہوگی، جس کے ساتھ ایک مقامی تربیت یافتہ پولیس فورس بھی ہوگی۔ مقصد ہے ایک ایسا غیر مسلح اور دہشت گردی سے پاک غزہ قائم کرنا جہاں حالات مستحکم ہوں، اور اسرائیلی افواج کو بتدریج واپس بلایا جا سکے۔ فورس کے فرائض میں سرحدوں کی نگرانی، انسدادِ دہشت گردی، انسانی امداد کا تحفظ اور فلسطینی پولیس کی معاونت شامل ہوں گے۔ 
جب حالات معمول پر آئیں گے، اسرائیلی افواج مرحلہ وار واپسی کریں گی — لیکن تب تک ایک سیکیورٹی پٹی برقرار رکھی جائے گی۔ دلچسپ امر یہ ہے کہ کئی ممالک نے فورس میں شامل ہونے کی خواہش ظاہر کی ہے مصر، قطر، متحدہ عرب امارات، ترکی، پاکستان، انڈونیشیا، آذربائیجان، آسٹریلیا، ملائیشیا، کینیڈا، فرانس، اور قبرص ان میں شامل بتائے جاتے ہیں۔ مگر اسرائیلی وزیرِاعظم نے صاف الفاظ میں کہہ دیا کہ ترکیکی فوج کو غزہ میں قدم رکھنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ اس کے بعد خبریں آئیں کہ آذری اور انڈونیشی افواج کو مرکزی کردار دیا جا سکتا ہے، جبکہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات نے شرکت سے معذرت کر لی ہے۔ یہ منظرنامہ بتاتا ہے کہ امن کی راہ پر چلنا ابھی آسان نہیں۔ امریکہ کے وزیرِ خارجہ خود بھی مانتے ہیں کہ ’’مشکلات ضرور آئیں گی، مگر ہمیں اس منصوبے کو کامیاب بنانا ہے۔‘‘ لیکن سوال یہی ہے کہ کیا یہ فورس واقعی امن لائے گی یا ایک نئے سیاسی معاہدے کی پیش بندی ثابت ہوگی؟
 غزہ کے زخم ابھی تازہ ہیں، اور ہر نئی ’’بین الاقوامی فورس‘‘ کے ساتھ وہاں کے عوام کو یہ اندیشہ ضرور ستاتا ہے کہ کہیں ان کے امن کا سودا کسی اور کی شرائط پر تو نہیں ہو رہا۔ 
 "غزہ کا امن اب طاقت کے توازن سے مشروط ہو چکا ہے۔"


کوئی تبصرے نہیں: