بدھ، 20 دسمبر، 2017

ٹھنڈ




آج دفتر ْ ٹھنڈا ٹھارْ ہے ، گل خان نے دودھ والی چائے کا کپ میز پر رکھتے ہوئے سردی کی شدت پر تبصرہ 
کیا۔چائے میری طرح گل خان کی بھی کمزوری ہے ، وہ جتنی اچھی چائے بناتا ہے اس سے بھی اچھا قہوہ بناتا ہے ۔ راولپنڈی چھاونی کے علاقے میں میرے دفتر میں صبح سے ہی دوستوں کی رونق لگ جاتی ہے ، اس رونق کو گل خان کے ماہر ہاتھوں کا بنا قہوہ بہت تقویت پہنچاتا ہے ۔آج مگر دفتر میں رونق کی عدم موجودگی نے گل خان کو ہی نہیں مجھے بھی احساس دلایا کہ ْ ٹھنڈ ْ زیادہ ہے

میرے دفتر میں رونق لگانے والے ایک گروپ کو گل خان ْ نادیدہ قوت ْ کا نام دیتا ہے ۔ اس گروپ میں زیادہ لوگ 
پردیس پلٹ ہیں اور عام طور پر ْ زائد العمرْ کم لوگ عسکری اداروں کے پنشن یافتہ ، اس سے بھی کم علمائے دین جو اس عمر میں لکھنے لکھانے کی بجائے زبانی جہاد کا فریضہ ادا کرتے ہیں اور بالکل کم تعداد ایسے تاجروں کی ہے جو تجارت میں خسارہ سہہ چکے مگر مشورہ دینے میں خود کو صف اول میں رکھتے ہیں۔

اس گروپ کے تمام ممبران میں کچھ باتیں مشترک ہیں مثلا ان پر کوئی گھریلو مالی ذمہ داری نہیں ہے ، زندگی جیسے بھی گذری مگر اس وقت ان کی پانچوں دیسی گھی میں اور سر ائر کنڈیشنڈ کمروں میں نرم تکئے پر ہے۔ان کے پسندیدہ موضوع مذہب اور سیاست ہے۔ مذہب پربات کے دوران ان ک منہ سے دلیل اور تاریخی حوالوں کی گردان نئے سامع کو ان کی علمی رفعت کا گرویدہ بنا دیتی ہے پرانے سامعین البتہ دوران گفتگو پہلو بدلتے رہتے ہیں۔فیض آباد دھرنے کے دوران ڈنڈے اٹھائے لفافے وصولتے نوجوان ان کے اصلی جانباز اور حرمت مقدسین کے محافظین ہیں۔اور کرسی کے نیچے سے کفن نکال کر سر پر باندھ لینا ایسا واقعہ ہے کہ کربلا کی یاد تازہ کرتا ہے۔

سیاسی میدان میں ، اسلام آباد میں دھرنہ نمبر ۱ کے دوران پارلیمنٹ کے احاطے میں قبریں کھودنا اور کفن بیچنا پسندیدہ عمل بتاتے ہیں ۔ اور موجود حکومت سے شہیدوں کے قصاص کی وصولی ایسا عمل بتاتے ہیں کو اسرائیل کوفتح کرنے جیسا ہے کہ موجودہ حکمرانوں اور اسرائیلیوں میں تفریق کرنا اسلام کے نام پر حاصل کیے گئے وطن سے غداری جیسا عمل ہے۔
ان کی ذاتی کاوشوں میں افواہ سازی اور اس کو پھیلانا، بے بنیاد خبروں کی تراش ، لمبی خواہشات کی طلب ، اور ماہریں کی حکومت کی خواہش شامل ْ حالْ ہے


آرمی چیف کے سینٹ کے دورے کے بعد ْ نا دیدہ گروپ ْ کے ایک دوست کو فون کیا تو معلوم ہوا کہ کل سے ان کا گلہ خراب ہے اور ٹھنڈ کی بھی شکائت ہے ۔دوسرے ، تیسرے حتیٰ پورے سات لوگوں سے فون پر رابطہ کیا ۔ سب پر ٹھنڈ ہی پڑی ہوئی ہے۔ آخری فون کر کے میں نے گل خان کو مخاطب کیا ْ ٹھنڈ ْ واقعی 
زیادہ ہے


کوئی تبصرے نہیں: