اتوار، 27 ستمبر، 2026

کافکا کا انصاف اور غزہ






کافکا کا انصاف اور غزہ

فرانز کافکا کی کہانی ’’قانون کے سامنے‘‘ میں ایک دیہاتی انصاف لینے قانون کے دروازے پر پہنچتا ہے۔ دروازہ کھلا ہے، مگر سامنے دربان کھڑا ہے۔ دیہاتی اندر جانے کی اجازت مانگتا ہے۔ جواب ملتا ہے: ’’ابھی نہیں۔‘‘ وہ انتظار کرتا رہتا ہے۔ دن گزرتے ہیں، سال گزرتے ہیں، زندگی گزر جاتی ہے، مگر قانون کا دروازہ اس کے لیے نہیں کھلتا۔

کافکا کی کہانی کا اصل المیہ یہ نہیں کہ قانون موجود نہیں۔ قانون موجود ہے، دروازہ بھی کھلا ہے؛ مسئلہ صرف یہ ہے کہ دروازے پر دربان کھڑا ہے۔

غزہ کو دیکھیے۔ کافکا کی یہ تمثیل اچانک ایک ادبی کہانی نہیں رہتی، ہماری موجودہ دنیا کی تصویر بن جاتی ہے۔ وہاں گھر ملبے میں بدلتے ہیں، اسپتال زخمیوں سے بھر جاتے ہیں، خاندان بکھرتے ہیں اور انسان اپنی بنیادی ضرورتوں کے لیے ترستے ہیں۔ دوسری طرف دنیا قانون، عدالت، قرارداد اور انسانی حقوق کی زبان بولتی ہے۔

عالمی عدالتِ انصاف نے 2024 میں اسرائیل کے بارے میں عبوری اقدامات جاری کیے اور بعد کے احکامات میں غزہ تک انسانی امداد کی فراہمی سے متعلق بھی اقدامات کیے۔ مگر عالمی قانون کے پاس اپنے فیصلوں کو نافذ کرنے کے لیے کوئی 'طاقت" نہیں۔ جون 2025 میں سلامتی کونسل میں غزہ میں فوری اور مستقل جنگ بندی کی قرارداد کو 14 ارکان کی حمایت حاصل ہوئی، لیکن امریکی ویٹو کے باعث وہ منظور نہ ہوسکی۔

انصاف کے ترازو میں پوری دنیا کی آواز سے ایک "ویٹو" بھاری بن جاتا ہے۔
یوں محسوس ہوتا ہے جیسے قانون نے آواز تو دی، مگر اس آواز کو فیصلہ بنانے والی طاقت "دربان" کے پاس رہی۔

یہی عالمی سیاست کا تلخ پہلو ہے۔ ریاستیں صرف قانون سے نہیں چلتیں؛ ان کے اپنے مفادات، اتحاد، دفاعی ترجیحات اور جغرافیائی حساب کتاب ہوتے ہیں۔ مگر طاقت صرف میزائل، ٹینک اور ویٹو نہیں۔ طاقت اپنی کہانی بھی لکھتی ہے۔

طاقتور اپنے عمل کو دفاع، سلامتی، بقا اور خطرے کی زبان میں بیان کرسکتا ہے۔ کمزور کے پاس عموماً اپنے زخم ہوتے ہیں۔ وہ کہتا ہے:
’’میرا گھر تباہ ہوگیا۔‘‘ طاقتور کہتا ہے:
’’مجھے اپنے دفاع کا حق ہے۔‘‘
کمزور اپنے مردے گنتا ہے؛ طاقتور اپنے خوف گنواتا ہے۔

اور جب دنیا کمزور کے زخموں سے زیادہ طاقتور کے خوف کو دیکھنے لگے تو سوال بھی بدل جاتا ہے۔ پہلے پوچھا جاتا ہے:
’’اس انسان کے ساتھ کیا ہوا؟‘‘
پھر پوچھا جاتا ہے:
’’اس طاقتور کو خطرہ کیوں محسوس ہوا؟‘‘
یہی بیانیے کی طاقت ہے۔

جس کے پاس فوج اور ہتھیار ہوں، اسے خطرہ محسوس ہوسکتا ہے؛ مگر جس کے پاس اپنے گھر اور جان کے تحفظ کی ضمانت بھی نہ ہو، اس کے زخم بھی حقیقی ہوتے ہیں۔

یہاں جنگل کی ایک پرانی سی کہانی یاد آتی ہے۔ شیر نے بکری کو پکڑ لیا۔ بکری چیخی تو جانور جمع ہوگئے۔ شیر نے کہا: ’’مجھے اس بکری سے خطرہ ہے، میں اپنے دفاع میں یہ سب کر رہا ہوں۔‘‘ بکری نے اپنے زخم دکھائے، اور کہا ’’مگر میرے پاس تو نہ پنجے ہیں، نہ دانت۔‘‘ شیر بولا: ’’خطرہ تمہاری طاقت سے نہیں، میرے خوف سے پیدا ہوتا ہے۔‘‘
ایک بوڑھا جانور آگے بڑھا۔ اس نے شیر کے پنجے دیکھے، بکری کے زخم دیکھے اور بولا:
’’خوف کی آواز ضرور سنو، مگر انصاف کرتے وقت یہ بھی دیکھو کہ پنجے کس کے پاس ہیں اور زخم کس کے جسم پر۔‘‘

کافکا کے دیہاتی کے سامنے ایک "دربان " تھا۔
آج دنیا کے سامنے دربانوں کا "ویٹو" نام کا ایک پورا نظام ہے۔

آج بھی قانون کا دروازہ کھلا ہے، دنیا بول رہی ہے، عدالتیں احکامات دے رہی ہیں، قراردادیں پیش ہورہی ہیں—مگر مظلوم پھر دروازے کے باہر کھڑا ہے۔ تو سوال یہ نہیں کہ قانون کہاں ہے؟ سوال یہ ہے:

قانون کے دروازے کی "ویٹؤ" نام کی چابی کس کے پاس ہے؟


کوئی تبصرے نہیں: