اختیار کی شاہراہ کہاں جاتی ہے؟
پاکستان کی کہانی ایک خواب سے شروع ہوئی تھی۔ وہ خواب کسی فوجی طاقت، کسی سلطنت یا کسی خاندان کا نہیں تھا، بلکہ عوام کے سیاسی شعور کا تھا۔ برصغیر کے مسلمانوں نے ووٹ کی طاقت سے دنیا کو بتایا تھا کہ قومیں بندوق سے نہیں، اجتماعی فیصلے سے بھی وجود میں آ سکتی ہیں۔ شاید اسی لیے پاکستان کا پہلا سرمایہ زمین نہیں بلکہ عوام کا اعتماد تھا۔
مگر تاریخ کا سفر ہمیشہ سیدھا نہیں ہوتا۔قیامِ پاکستان کے بعد ایک ایسا سیاسی ڈھانچہ تشکیل پانے لگا جس میں ریاست کے مختلف اداروں کے درمیان طاقت کا توازن مسلسل بدلتا رہا۔ ہر بحران نے کسی ادارے کو زیادہ اختیار دیا اور ہر گزرتے برس کے ساتھ یہ تاثر گہرا ہوتا گیا کہ عوام کے منتخب نمائندوں کے ہاتھ میں اختیار کم اور ذمہ داری زیادہ رہ گئی ہے۔ حکومتیں بدلتی رہیں، پارلیمان قائم رہی، انتخابات بھی ہوتے رہے، مگر یہ سوال کبھی دفن نہ ہو سکا کہ ریاست کے اہم فیصلوں کا آخری اختیار آخر کس کے پاس ہے۔
یہ تبدیلی صرف اقتدار کے ایوانوں تک محدود نہ رہی۔ ریاستی وسائل، قومی ترجیحات اور عوامی اثاثوں پر بھی عوام کی نفسیاتی ملکیت کمزور پڑنے لگی۔ جب ایک عام آدمی اپنی زندگی میں مہنگائی، بے روزگاری، ناانصافی اور بے بسی کا سامنا کرتا ہے اور دوسری طرف طاقت کے مراکز کی قوت اور اثرورسوخ کو دیکھتا ہے تو اس کے دل میں ایک عجیب سا سوال جنم لیتا ہے۔ کیا آزادی صرف پرچم بدلنے کا نام تھی ، پرچم کے ذہن میں آتے ہی وہ دور یاد آتا ہے جب اس سرزمین پر غیر ملکی حکمران حکومت کرتے تھے۔ اس زمانے میں بھی فیصلے کہیں اور ہوتے تھے اور عوام صرف ان فیصلوں کے نتائج بھگتتے تھے۔ آج حالات یقیناً مختلف ہیں، مگر اگر عوام کو اپنے ووٹ کی تاثیر محسوس نہ ہو تو تاریخ کا احساس بھی بدلنے لگتا ہے۔
بلوچستان اسی احساس کا سب سے پرانا اور سب سے گہرا استعارہ ہے۔ وہاں بے چینی کو اکثر طاقت سے خاموش کرنے کی کوشش کی گئی، مگر خاموشی ہمیشہ اطمینان نہیں ہوتی۔ بندوق خوف پیدا کر سکتی ہے، اعتماد نہیں۔ چند جمہوری ادوار میں سیاسی مصالحت کا راستہ اختیار کیا گیا، لیکن وہ قومی پالیسی نہ بن سکا۔ نتیجہ یہ نکلا کہ بے چینی نے صرف ایک صوبے تک محدود رہنے سے انکار کر دیا۔ اس کی لہریں خیبر پختونخوا تک پہنچیں اور اب کشمیر میں دستک دیتی دکھائی دیتی ہے۔
پاکستانی سیاست کی البتہ ایک خوبی بھی ہے۔ اس نے ہر دور میں ایسے رہنما پیدا کیے جنہوں نے بند راستوں میں بھی راستہ تلاش کرنے کی کوشش کی۔ حسین شہید سہروردی، ذوالفقار علی بھٹو، نواز شریف اور بینظیر بھٹو ایک دوسرے سے مختلف سیاسی مکتبِ فکر رکھتے تھے، مگر ایک بات میں سب شریک تھے: وہ عوامی سیاست کو ریاستی اختیار کا اصل سرچشمہ بنانا چاہتے تھے۔ ان کی کامیابیوں پر اختلاف ہو سکتا ہے، لیکن اس حقیقت سے انکار مشکل ہے کہ انہوں نے اپنے اپنے حصے کی قیمت بھی ادا کی۔
عمران خان کی سیاسی داستان اس روایت میں ایک منفرد باب کا اضافہ کرتی ہے۔ ان کے بارے میں ایک مضبوط سیاسی تاثر یہ رہا کہ ان کے اقتدار تک پہنچنے میں اسٹیبلشمنٹ کا کردار تھا، مگر اقتدار سے نکالنے کے بعد یہی تعلق اختلاف اور پھر تصادم میں تبدیل ہوگیا۔ یوں وہ بھی اسی سیاسی دائرے میں داخل ہوگئے جہاں ماضی کے بہت سے منتخب رہنما پہلے آ چکے تھے۔ اس منظرنامے نے ایک بار پھر یہ سوال زندہ کر دیا کہ پاکستان میں اصل مسئلہ افراد کا ہے یا اختیار کے نظام کا؟
یہی سوال موجودہ حکمران اتحاد کے سامنے بھی کھڑا ہے۔ کیا اس کا انجام بھی اپنے پیش روؤں جیسا ہوگا یا اس بار تاریخ مختلف فیصلہ سنائے گی؟ اس کا جواب آنے والا وقت دے گا، لیکن یہ حقیقت اپنی جگہ موجود ہے کہ پاکستان میں سیاست دان ایک طرف ریاستی استحکام کی ضرورت کو محسوس کرتے ہیں اور دوسری طرف عوامی بالادستی کے دعوے سے بھی دستبردار نہیں ہو سکتے۔ یہی تضاد ان کی سیاست کا سب سے بڑا امتحان ہے۔
بعض مبصرین کا خیال ہے کہ حالیہ آئینی ترامیم نے پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے سیاسی وزن کو کمزور کیا ہے۔ اگر یہ تاثر عوام میں مزید مضبوط ہوتا ہے تو ممکن ہے اس کے نتائج صرف سیاسی جماعتوں تک محدود نہ رہیں۔ تاریخ یہ بھی بتاتی ہے کہ طاقت جب اپنے فطری توازن سے آگے بڑھتی ہے تو ردِعمل بھی غیر معمولی ہوتا ہے۔ جو بساط آج سیاست دانوں کو محدود کرنے کے لیے بچھائی جا رہی ہے، بعید نہیں کہ کل وہی بساط اپنے بچھانے والوں کے لیے بھی آزمائش بن جائے۔
اسی تناظر میں عوامی ریفرنڈم کی بات بھی سنائی دیتی ہے۔ اگر کبھی ایسا مرحلہ آیا اور منتخب سیاسی قوتوں نے خود اس کی قیادت کی تو طاقت کے موجودہ توازن میں بڑی تبدیلی آ سکتی ہے۔ بعض لوگ اس ضمن میں ترکی کی مثال دیتے ہیں، اگرچہ پاکستان کے حالات، تاریخ اور ادارہ جاتی ساخت اس سے مختلف ہیں۔ پھر بھی تاریخ کا ایک اصول ہر جگہ یکساں رہتا ہے: طاقت ہمیشہ مستقل نہیں ہوتی، مگر عوام کا فیصلے کی بازگشت نسلوں تک سنائی دیتی ہے۔
آخر میں صرف ایک تاریخی واقعہ ۔ رومی سلطنت نے بے شمار جنگیں جیتیں، اس کی فوجیں نصف دنیا پر چھا گئیں، مگر ان کے زوال کی وجوہات میں مورخین لکھتے ہیں کہ سلطنت اپنی رعایا کے دل ہار چکی تھی۔
تاریخ کا قلم یہ نہیں پوچھنا کہ کون سا حکمران زیادہ طاقتور تھا، کس جماعت نے کتنی نشستیں جیتیں یا کس ادارے کے پاس کتنا اختیار تھا۔ وہ صرف یہ لکھے گا کہ کیا اس ریاست نے اپنے عوام کو یہ یقین دلا دیا تھا کہ ملک واقعی انہی کا ہے؟

کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں