‏war on iran لیبل والی اشاعتیں دکھا رہا ہے۔ سبھی اشاعتیں دکھائیں
‏war on iran لیبل والی اشاعتیں دکھا رہا ہے۔ سبھی اشاعتیں دکھائیں

جمعرات، 12 نومبر، 2026

رجیم چینج کا کھیل




رجیم چینج کا کھیل
عالمی سیاست میں اصول اور مفادات ہمیشہ ایک دوسرے کے آمنے سامنے کھڑے نظر آتے ہیں۔ طاقتور ممالک خود کو جمہوریت، آزادی اور انسانی حقوق کا علم بردار کہتے نہیں تھکتے، لیکن جب ان کے اپنے معاشی یا تزویراتی  مفادات خطرے میں ہوں، تو یہ تمام دعوے پس منظر میں چلے جاتے ہیں۔ کسی دوسرے ملک کی حکومت کو اپنی مرضی سے تبدیل کرنے کی اسی کوشش کو جدید سیاسی اصطلاح میں ’رجیم چینج‘ کہا جاتا ہے۔ اس کا مطلب صرف کسی صدر یا وزیراعظم کو ہٹانا نہیں، بلکہ پورے ملک کے سیاسی نظام اور ریاستی اداروں کے بنیادی ڈھانچے کو بدلنا ہوتا ہے۔
 دوسری جنگِ عظیم کے بعد سرد جنگ کے دوران امریکہ اور سوویت یونین نے رجیم چینج کو ایک باقاعدہ ہتھیار کے طور پر استعمال کیا۔ امریکی محققہ لنڈسے اے اورورک نے اپنی کتاب
Covert Regime Change: America's Secret Cold War
میں انکشاف کیا ہے کہ 1947ء سے 1989ء کے درمیان امریکہ نے 64 خفیہ اور 6 علانیہ رجیم چینج کی کوششیں کیں۔ 1953ء میں ایران کے وزیراعظم محمد مصدق کا تختہ الٹنا ہو، 1954ء میں گوئٹے مالا کے صدر جیکوبو آربینز کی حکومت ختم کرنا ہو، یا 1973ء میں چلی کے صدر سلواڈور آلینڈے کے خلاف فوجی بغاوت—یہ سب اسی سلسلے کی کڑیاں تھیں۔ بعد ازاں افغانستان، عراق اور لیبیا میں براہِ راست فوجی کارروائیوں کے ذریعے بھی حکومتیں تبدیل کی گئیں، جب کہ وینزویلا میں 3 جنوری 2026ء کو امریکی فوج نے دارالحکومت کراکس میں کارروائی کر کے صدر نکولس مادورو  اور ان کی اہلیہ کو گرفتار کر کے امریکہ منتقل کر دیا، جس کا مقصد وہاں کی تیل کی صنعت پر کنٹرول حاصل کرنا تھا۔
تاہم، تاریخ یہ بھی سکھاتی ہے کہ عسکری برتری ہمیشہ مستقل سیاسی کامیابی کی ضمانت نہیں ہوتی۔ 1961ء میں کیوبا کے خلاف 'بے آف پگز' کا حملہ ہو، انڈونیشیا میں صدر سوکارنو کے خلاف بغاوت ہو، یا ویت نام کی طویل جنگ—امریکہ کو ہر جگہ ناکامی کا منہ بھی دیکھنا پڑا۔
 1953ء میں ایران میں مصدق حکومت کا تختہ الٹ کر شاہ کو مضبوط کرنا وقتی کامیابی تو تھی، لیکن اسی بیرونی مداخلت کے خلاف عوامی غصے نے 1979ء کے اسلامی انقلاب کو جنم دیا، جس کے اثرات برصغیر پاک و ہند ، مشرق وسطی سمیت پورے خطے کی سیاست پرپڑتے آج بھی دیکھے جا سکتے ہیں۔
 یہ کشیدگی اس وقت ایک خطرناک ترین مرحلے میں داخل ہو گئی جب امریکہ اور اسرائیل نے ایران کے خلاف براہِ راست عسکری کارروائی کا آغاز کیا۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے نہ صرف ایران کی عسکری و جوہری صلاحیتوں کو نشانہ بنایا، بلکہ کھلم کھلا ایرانی عوام کو اپنے سیاسی نظام کے خلاف اٹھ کھڑے ہونے کی دعوت دے کر 'رجیم چینج' کا مروجہ کھیل دوبارہ کھیلنے کی کوشش کی۔
لیکن کسی ملک کی فوجی تنصیبات پر بمباری کرنا اور وہاں کا سیاسی نظام بدلنا دو الگ باتیں ہیں۔ ایران کی قیادت اور ریاستی ڈھانچے کو شدید عسکری وانسانی نقصان پہنچا، شہریوں پر بمباری اور معصوم بچیوں پر میزائل گرنے کے باوجود وہاں کا سیاسی نظام برقرار رہا۔ ایرانی معاشرے میں موجود قومی خودمختاری، مضبوط نظریاتی وابستگی اور بیرونی حملے کے خلاف شدید عوامی ردعمل نے عسکری برتری کو سیاسی کامیابی میں بدلنے نہیں دیا۔ جب بقا کا مسئلہ ہوا، تو داخلی سیاسی اختلافات رکھنے والے شہری بھی اپنے قومی دفاع کے لیے ریاست کے ساتھ کھڑے ہو گئے۔
اس رجیم چینج کی مہم کا سب سے بڑا اور دلچسپ موڑ ایران کے میدانِ جنگ میں نہیں، بلکہ امریکہ کے اندر بیلٹ بکس پر دیکھنے کو ملا۔ امریکی  عوام کو اپنی قیادت کی جنگی پالیسیوں کے خلاف جمہوری احتساب کا حق حاصل ہے۔ ایران پر مسلط کردہ جنگ، معصوم انسانوں کے خون اور تباہ کن خارجہ پالیسی کے خلاف خود امریکی عوام کے اندر شدید ردعمل ابھرا۔ نتیجہ یہ نکلا کہ 3 نومبر کو امریکی عوام نے موجودہ حکومتی پالیسیوں کے خلاف ووٹ دے کر واشنگٹن کے اندر ہی ایک بڑی سیاسی تبدیلی (رجیم چینج) کی بنیاد رکھ دی۔
جمہوریت کا اصل حسن اور امتحان یہی ہے کہ حکمران عوام کے سامنے جوابدہ ہوتے ہیں، خواہ وہ دنیا کی سب سے بڑی فوجی طاقت کے سربراہ ہی کیوں نہ ہوں۔ عالمی طاقتوں کو اب یہ بنیادی حقیقت تسلیم کرنی ہوگی کہ کسی قوم کے حکمرانوں کو بارود کے زور پر بدلنا ایک عارضی عسکری فتح تو ہو سکتی ہے، لیکن اس قوم کے سیاسی مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق صرف اور صرف وہاں کے عوام کا ہے۔ یہ اختیار واشنگٹن، تہران یا کسی اور دارالحکومت کا نہیں ہے۔ تہران میں حکومت بدلنے کا خواب دیکھنے والے حکمرانوں کو امریکی عوام نے بیلٹ پیپر کے ذریعے جو پیغام دیا ہے، اسے دیکھ کر ارشد ندیم کا یہ مقولہ یاد آتا ہے کہ "بعض اوقات دوسروں کے لیے کھودی گئی کھائی میں صیاد خود بھی گر سکتا ہے۔"