جمعہ، 21 اگست، 2020

بلوچستان کا سہروردی



نئے پاکستان میں سیاست دان چور اور لٹیرے بتائے جاتے ہیں اور آمروں کے دور کی خوشحالی کو یاد کر کے سرد آہ بھری جاتی ہے۔پرانے پاکستان میں کالا باغ ڈیم اورنظام مصطفی پر سیاست کی جاتی تھی تو نئے پاکستان میں انفراسٹرکچرکی تعمیر اور ذرائع آمد و رفت کی سہولیات  میں عوام کوشامل کرنے کے عمل پر چار حرف بھیجنے کی سیاست عام ہے۔ پہلے MRD   اور  ARD  بنائی جاتی تھیں اب  JIT  کا دور ہے۔  پرانے پاکستان میں سچ اشاروں کنایوں میں بولا جاتا تھا۔ اب جھوٹ ٹی وی کی سکرینوں پر دہڑلے سے بولا جاتا ہے۔ اس نئے پاکستان میں ایوان بالا کے سابق چیرمین جناب رضا ربانی نے میر حاصل بزنجو کی رحلت پر کہا ہے کہ    ان جیسا ایمان دار سیاست دان پورے پاکستان میں نہیں ہو گا    یہ منفرد قسم کا خراج تحسین ہے ۔ 

  میر حاصل بزنجو   ضیاء اور مشرف کے دور میں گرفتار ہوئے۔ گرفتاریوں نے ان کا سیاسی قد اونچا کیا تو جیل نے متحمل مزاج مدبر بنانے میں کردار ادا کیا۔الیکٹڈ اور سیلیکٹڈ کی بحث میں الجھے اس معاشرے میں وہ جو دہیمے لہجے میں گہری بات کرنے کے ہنر سے آشنا تھے انھوں نے ایوان بالا میں تاریخی الفاظ کہے تھے 

               یہ ثابت ہو گیا ہے کہ پاکستان میں غیر جمہوری طاقتیں پارلیمان سے زیادہ طاقتور ہیں   ۔

جامعہ کراچی سے تعلیم یافتہ  میر حاصل کے والد جناب غوث بخش بزنجو بلوچستان کے پہلے غیر فوجی گورنر اور آئین ساز کمیٹی کے رکن تھے تو ان کے دادا ریاست قلات کی سیاست کے روح رواں تھے ان کا عہدہ گورنر کے عہدے کے ہم پلہ تھا۔

میر حاصل بزنجو  زیادہ صوبائی اور علاقائی خود مختاری کے حامی تھے۔ جناب عمران خان بھی اقتدار حاصل ہونے سے پہلے ایسی ہی خود مختاری کے علمبردار تھے اور پولیس تک کو میونسپل کمیٹیوں کے سپرد کرنے کی تبلیغ کیا کرتے تھے۔جناب حاصل بزنجو مسلح مزاحمت کے مخالف اور سیاسی اختلافات کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے کا مشورہ دیا کرتے تھے۔ پی ٹی آئی حکومت کے ایک وفاقی وزیر نے ان کی رحلت پر  بجا طور پر کہا کہ    دستور، پارلیمان اور جمہوریت کے لیے ان کی خدمات نا قابل فراموش ہیں   ۔دو بار قومی اسمبلی اور ایک بار ایوان بالا کے ممبر منتخب ہونے والے میر حاصل بزنجو نے چیرمین کے انتخاب کے بعد کہا تھا    آج مجھے پارلیمنٹ میں بیٹھتے ہوئے شرم آتی ہے    ان کی موت کے بعد کاش یہ شرم جمہوریت مخالف جتھوں کو آنا شروع ہو جو ملکی اداروں اور عوام کے درمیان خلیج کا پیدا کرنے کا سبب ہیں۔

ان کے والد کی وسیع لاہبریری میں کارل مارکس اور لینن کی کتابوں کو دیکھ کر انھیں مارکس اور لینن کا پیروکار بتانے والے یہ بھول جاتے ہیں کہ عملی سیاست میں ان کو پیپلز پار ٹی کے قریب لانے میں کسی کتاب کا نہیں مگر  شہید بی بی کا کردار تھا۔ بی بی کی شہادت کے بعد اس کردار کو جناب آصف علی زرداری نے نبھایا حقیقت مگر یہ ہے کہ نواز شریف کے مقناطیسی مزاج نے اس جمہوریت پسند کو اپنی طرف راغب کر لیا تھا۔ وہ بائیں بازو کے نظریات رکھنے کے باوجود نواز شریف کے سیاسی اتحادی تھے۔

 وہ پسماندہ طبقوں اور بے انصافی سے کچلے گئے عوام کی توانا آواز تھے۔ عدالت سے بالا بالا نظریاتی مخالفین کو موت کے گھاٹ اتارنے کے وہ  ناقد، معلوم اور نا معلوم کے نام پر لوگوں کے پیاروں کو اپنوں سے جدا کر دینے کے مخالف اور نا انصافیوں کے خلاف احتجاج کرنے والے مظلومین کو طاقت سے کچلنے پر چپ نہ رہ سکنے والے انسان تھے۔ مظلوم کے ساتھ کھڑے ہونا ان کی سرشت میں تھا اور ظالموں کو گلہ تھا کہ وہ سردار ہو کر لکیر کے دوسری طرف کیوں کھڑے ہیں۔   میر حاصل بزنجو بلوچستان کے    حسین شہید سہروردی    تھے۔  جون ایلیاء نے شائد ایسے ہی لوگوں کے بارے میں کہا تھا کہ

                                        جانے والے یہاں کے تھے ہی نہیں  


بدھ، 5 اگست، 2020

ان پڑھ جاہل



ہم یقین رکھتے ہیں کہ علم کا منبع ذات باری تعالیٰ ہے۔  اس فانی زمین پر علم جس شہر میں اتارا گیا۔ اس کے اکلوتے دروازے 
پر کنندہ ہے کہ ظلم  تو برداشت کر لیا جاتا ہے مگر بے انصافی تباہی لاتی ہے۔  اس جملے کو یوں ہی کہا جا سکتا ہے کہ میرٹ کے بغیر شہر کھوکھلے ہو جایا کرتے ہیں۔ کھوکھلا درخت ہو کہ معاشرہ تیز ہواوں کے سامنے سر نگوں ہو جاتا ہے۔ 
حکومت کے  لیے دولت و قوت بنیادی عوامل ہوتے ہیں اور 1947 میں جب پاکستان بن رہا تھا۔ تاج برطانیہ کے پاس دولت کی کمی تھی نہ قوت کی۔ جنگ عظیم دوئم کے بعد وہ فاتح قوم تھی۔ مگر ہندوستان میں اس کی اخلاقی برتری محض اس لیے ختم ہو چکی تھی وہ کچھ طبقات کو انصاف مہیا کرنے میں ناکام تھی۔ 
بہادر شاہ ظفر کو اگر دو گز زمین نہ ملی تو اس کا سبب انگریزوں کے ساتھ اس کے اپنے بھی تھے جن کے ساتھ انصاف نہیں ہو رہا تھا۔ ترکی کے سلیمان دی گریٹ جس کی حکومت  بیس لاکھ مربع میل پر پھیلی ہوئی تھی کے وارثین جب دستبرداری کے معاہدے پر عمل کر رہے تھے تو ان کے اپنے وزیر و مشیر ان کے ساتھ نہ تھے۔اور ان کو بے انصافی نے دشمنوں کی گود میں جا بٹھایا تھا۔ یہ ماضی کی نہیں حال کی تاریخ ہے۔
قیام پاکستان کے بعد ہم خود ستائی کے دور گذر رہے ہیں۔ ہر زبان غدار وطن اور ہر لفظ کافر دین  قرار پاتا ہے۔  دشنام طرازی سے بڑھ کر بات اغواء  باالجبر اور گولی سے بھی آگے جا چکی ہے۔ لاہور والے واصف علی واصف سے کسی نے گلہ کیا تھا کہ لوگ نظریات پر روٹی کو ترجیح دیتے ہیں تو ان کا جواب تھا روٹی کا بندوبست کرو نظریہ قبول ہو جائے گا۔ ایک سیاسی اجتماع کے دوران ایک صاحب نے ایک ہاتھ میں روٹی اور دوسرے ہاتھ میں مقدس کتاب پکڑ کر لوگوں کو روٹی پر کتاب کو ترجیح دینے کی نصیحت کی تھی ووٹ مگر روٹی کو ملے تھے۔ انسان  کی بنیادی ضرورت روٹی ہی ہے اسی لیے  سب سے بڑی نیکی لوگوں کو کھلانا ہے تو سب سے بڑی بے انصافی خدا کے کنبے کو بھوکا رکھنا ہے۔ 
 ہم اسلام کے جس قلعے کے باسی ہیں اس کی دیواریں ضخیم اور بلند ہیں۔ اس قلعے کے اندر بعض چھتیں عام چھتوں سے چالیس گناہ زیادہ مضبوط ہیں۔ اس کی منڈیر کے کنگروں پر ایٹمی ابابیل اس قلعے کی حفاظت کرتی ہیں تو ایٹمی چھتری اس قلعے کو تحفظ فراہم کرتی ہے۔  مگر اس قلعے کے باہر ہمارے کہے کا اثر نہیں ہوتا۔ ہماری دہمکیاں ہوا بھرے غبارے ثابت ہوتے ہیں ۔ اور ہماری طاقت ہمارا بوجھ بن جاتی ہے۔ ہمارا نظریاتی ٖ فخرخاک راہ ثابت ہوتا ہے۔ہمارے ہمدرد بے سروپا کر دیے جاتے ہیں۔  اس قلعے کے اندر ہماری محنتیں بے ثمر رہ جاتی ہیں۔ ہماری قابلیت اور ہنر بے فیض ثابت ہوتے ہیں۔ہمارے فتوے نا قابل عمل بن جاتے  ہیں۔ امید وہ سہارا ہوتا ہے جس کے بل بوتے پر انسان زندگی بسر کر لیتا ہے مگر مایوسی کے لشکر اس مضبوط قلعے کے خفیہ راستوں سے مانوس ہو چکے ہیں۔
ملکوں میں سویت یونین اور شخصیات میں حسین شہید سہروردی، دونوں ہی داستان بن چکے مگر ہم داستانوں سے کیا سبق سیکھیں گے۔ 
آج کل پاکستان میں ارطغرل کے کارناموں پر عوام کو ایک ڈرامہ دکھایا جا رہا ہے۔ دنیا پر 600 سال تک حکمرانی کرنے والے اس گروہ کے بارے میں کتابوں میں درج ہے وہ یتیم بچوں کو اپنی سرپرستی میں اعلیٰ تعلیم دلوایا کرتے تھے۔پاکستان میں میٹرک تک مفت تعلیم مہیا کرنا آئینی تقاضا ہے مگر عملی طور پر     آئین کاغذ کا ایک ٹکڑا ہے    جس کا مقام   ردی کی ٹوکری    ہے ۔  اور بیانیہ یہ ہے کہ قوم ان پڑھ اور جاہل ہے۔

اتوار، 2 اگست، 2020

چاند اور ستارے


دوسرے نے پہلے کو بد دعائیں دیں۔  پہلے نے تحمل سے سنا اور جواب دیا 

  اگر روز جزا  میزان کا  پلڑا میرے گناہوں سے جھک گیا تو جو کچھ تم نے کہا ہے، میں اس سے بھی بد تر ہوں اور اگر گناہوں کا پلڑا  ہلکاہو کر اوپر اٹھ گیا  تو جو کچھ تم نے کہا ہے اس سے مجھے کوئی ڈر یا خطرہ نہیں ہے 
 
اس جملے کے پیچھے تقوی ٰ کا پہاڑ ہی نہیں علم کا گہرا سمندر موجزن دکھائی دیتا ہے۔ایسا جواب کسی دوسرے نے نہیں بلکہ اس پہلے نے دیا تھا۔ جسے سابقین میں پہلا  خودعالمین کے صادق اور اللہ کے آخری نبی  ﷺ  نے بتایا تھا۔ یہ وہی شخصیت ہیں جن کے بارے میں حضرت معاذ بن جبل ؓ  نے اپنی وفات سے قبل کہا تھا    علم کو ان کے پاس تلاش کرنا    ۔
ان کو خود اللہ کے رسول  ﷺ  نے 300 کھجور کے درختوں اور 600  چاندی کے درہموں کے عوض عثمان بن العشال سے خرید ا ۔آزادی کا پروانہ  حضرت علی بن ابو ظالب نے لکھا اور نام  سلمان  خود رسول اللہ ﷺ  نے رکھا ۔ ان کو اپنے نام سلمان پر فخر تھا  مگر جب بات دین کی آئی تو کہا میرا نام اسلام ہے ۔ صاحب تاریخ مشائخ نقشبند نے لکھا ہے کہ کسی نے سلمان فارسی سے پوچھا تھا    آپ کا نسب کیا ہے   تو انھوں نے جواب دیا تھا    اسلام     اور کہا کہ جب ہمارا دین  اسلام ہے تو ہمارا سب کچھ اسلام ہے۔ ہمارا دین ہمیں اپنے ماں  باپ، بہن بھائی سے زیادہ عزیز ہے 
 
سلمان فارس میں خوشفودان نامی زرتشت کے گھر پیدا ہوئے تو ان کا نام مابہ رکھا گیا۔ اور سولہ سال کی عمر تک انھیں آتش پرستی کی تعلیم دے کر ایک معبد کا نگران مقرر کر دیا گیا۔ علم کی تاثیر ہے کہ وہ اپنے طالب کے اندر مزید علم کے حصول کی آتش کو بھڑکاتا ہے۔اس آتش پرست نوجوان کی آتش بھڑکی تو اس نے شام کا ارادہ کیا۔ خاندان کے لاڈلے بیٹے کو گھر والوں نے روکنے کی کوشش کی مگر وہ نہ رکے۔ اور شام میں عیسائی راہبوں کے پاس علم حاصل کرتے رہے۔ علم کا اعجاز ہے کہ وہ اپنے طالب پر حقیقت آشکار کرتی ہے۔ شام میں ہی انھیں ادراک ہو گیا تھا کہ اصل کامیابی  کا علم اس نبی کے پاس ہو گا جن کے سارے ہی صاحبان علم منتظر تھے۔ انھیں معلوم ہو چکا تھا کہ ان کی آمد یثرب میں ہوگی۔ ان نبی آخر الزمان کی پہچان کی نشانیاں بھی انھوں نے ازبر کر لیں تو یثرب کے ارادے سے بنو کلب کے کاروان کے ساتھ ہو لیے۔ وقت نے انھیں بنو قریظہ کے عثمان بن العشال کا غلام بنا دیا۔ 
خندق کی کھدائی کا مشورہ دینے والے اس ساسانی پردیسی کہ اہمیت اس وقت کھلی جب مہاجرین نے کہا سلمان ہم میں سے ہے  مگر انصار کا صرار تھا  سلمان ہم سے ہے ۔ بات اللہ کے رسول  ﷺ  تک پہنچی تو فرمایا۔     سلمان میرے اہل بیت میں سے ہے   یہ ایسا شرف تھا جو صرف  حضرت  سلمان ؓ  کے حصے میں آیا ۔
صحابہ کرام ہمارے قمر نبوت کے نجوم ہیں۔ بات ستاروں کی ہو مگر استعاروں میں ہو تو علم فلکیات کے طالب علم جانتے ہیں کہ ہر ہر ستارے کی اپنی وسعت ہے۔ آسمان پر اورین بلٹ  میں تین ستارے چمکتے ہیں  
.  النقاط1
.  النیلم
  المنظقہ
یہ تینوں ستاروں کی دنیا دوسرے آسمانی ستاروں سے مختلف ہے۔ ان کی چمک کا انداز ایسا روشن ہے کہ رات کے وقت آسمان کی وسعتوں میں ان کی نشان دہی مشکل نہیں ہوتی۔ روشنی، روشنی ہی ہوتی ہے مگر روشنیوں کے بھی اپنے اپنے رنگ ہوتے ہیں۔ قمر نبوت کے نجوم میں تین نام دوسروں سے بالکل مختلف ہیں۔ ان ناموں میں:
۔  سلمان فارسی
۔ صہیب رومی 
۔  بلال حبشی ۔ شامل ہیں 
اللہ کے رسول نے ایک دفعہ چار ناموں کا ایک چارٹ بنایا تو اپنے نام کے ساتھ ان تین پردیسیوں کے نام شامل کیے۔ رسول اللہ کے دنیا سے وصال کے بعدیہ   مہاجرین   مسلمانوں کے قلوب میں  ایسے    انصار   بن کے رہے کہ  حضرت بلال کو مسلمانوں کے خلیفہ    یا سیدی    سے مخاطب ہوتے تھے  تو حضرت سلمان کو مدائن کی فرمان روائی پیش کی جاتی تھی ۔  
اصحاب رسول  ﷺ  ایسے لوگ تھے جن کے دلوں میں اللہ تعالی ٰ  نے ایمان ثبت کر دیا تھا  (المجادلہ؛؛۲۲) البتہ مسلمانوں پر دین کا یہ قرض باقی ہے کہ رسول اللہ ﷺ  کے فرمان کی روشنی میں قمرو  نجوم کے استعاروں کو کھولیں تاکہ تشنگان علم  کے قلوب میں ایمان کی رسوخیت کی کونپلیں کھل کر پھول بن جائیں۔