رسول اللہ کا محسن
طائف کی سرزمین آج بھی تاریخ کے وہ زخم اپنے خشک میدانوں میں سنبھالے بیٹھی ہے، جہاں رسول اللہ ﷺ پر سنگ برسائے گئے، جہاں گلیوں میں لڑکوں کو شہہ دے کر اس کاینات کے وحید صادق ا امین کو ایسا لہولہان کیا گیا، کہ صاحب کرسی و سماوات نے فرشتہ نازل فرما کر اپنا قہر نازل کرنا چاہا ۔۔۔۔لیکن شاید تاریخ کا سب سے کٹھن لمحہ وہ نہیں تھا جب پتھر لگے۔ اصل اذیت وہ تھی جب آپ ﷺ مکہ کے دروازے پر کھڑے تھے، وہی مکہ جو آپ کا شہر تھا، آپ کا گھر تھا، مگر قریش کا فیصلہ تھا:
"محمد ﷺ بغیر پناہ کے مکہ میں داخل نہیں ہو سکتے۔"
یہ اعلان اس زمانے کے سماجی ڈھانچے کا آئینہ تھا۔ مکہ میں ’’جوار‘‘ یعنی پناہ، اس وقت کی دستوری ضمانت تھی۔ جسے جوار نہ ملتا، اس کی جان بھی محفوظ نہ ہوتی۔ اور طائف کے سفرِ اذیت کے بعد یہ دوسرا دروازہ بھی بند ملا۔
رسول اللہ ﷺ نے دو سرداروں کو جوار کا پیغام بھیجا
سہیل بن عمرو، حارث بن حرب—دونوں نے انکار کر دیا۔
مکہ کے دروازے پرایک مسلسل ناامیدی تیر رہی تھی۔ پھر رسول اللہ نے اس شخصیت کو پیغام بھیجا جس نے چند سال قبل بنی ہاشم کے معاشرتی بائیکاٹ کے خلاف آواز اٹھائی تھی۔ اور صحیفۂ مقاطعہ کو پھاڑنے والوں کی حوصلہ افزائی کی تھی ۔۔۔ یہ شخسیت تھی ۔۔۔۔ مطعم بن عدی۔۔۔۔۔۔ بنو نوفل کا سردار، ایک ایسا شخص جومزہب کے اختلاف کے باوجود انصاف کی حرمت پر یقین رکھتا تھا۔
مطعم بن عدی نے جواب دیا: "آؤ محمد ﷺ، تم میرے جوار میں ہو۔"
یہ صرف لفظی اعلان نہ تھا۔ مکہ کے داخلی راستے پر مطعم نے اپنے بیٹوں،
بھائیوں اور قبیلے کے کئی افراد کو ہتھیاروں کے ساتھ لا کر کھڑا کیا۔ خود اونٹ پر سوار ہوئے اور کعبہ کے پاس آ کر اعلان کیا: "محمد ﷺ میرے جوار میں ہیں، خبردار! ان پر کوئی ہاتھ نہ اٹھائے۔"
رسول اللہ ﷺ شہر میں داخل ہوئے۔ سب سے پہلے کعبہ کا ظواف کیا۔۔۔۔
قریش کے چہروں پر حیرانی، خاموشی اور اک تحفظ کا بوجھ تھا۔
مطعم بن عدی بن نوفل بن عبد مناف قریش کے بڑے اور معزز خاندان بنو نوفل کے سردار تھے۔ ان کا نسب عبد مناف تک پہنچتا تھا، یعنی وہ قریش کے ممتاز خانوادے سے تھے، وہی خاندان جس سے ہاشم، عبد شمس اور مطلب جیسے بڑے سردار نکلے تھے۔
مطعم بن عدی ایک ممتاز ’’حلیفِ انصاف‘‘ کے طور پر جانے جاتے تھے۔
قریشی معاشرے کے قبائلی فیصلوں میں ان کی رائے انتہائی معتبر تھی
وہ ’’دارالندوہ‘‘ کے مستقل رکن تھے ۔ قریش ان کی بات کو سیاسی اور سماجی وزن دیتے تھے ۔ اعلیٰ اخلاق اور باکمال شرافت ان کی پہچان تھی
ان کا گھر قریش کی مجلسِ شوریٰ اور اہم قبائلی فیصلوں کا مرکز سمجھا جاتا تھا۔
مطعم بن عدی کی عظمت تین بنیادوں پر قائم ہے:
(1) اخلاقی جرات : انہوں نے رسول اللہ ﷺ کا ساتھ مذہب نہیں بلکہ انصاف کی بنیاد پر دیا، وہ بھی ایسے وقت میں جب قریش کی پوری طاقت آپ ﷺ کے خلاف صف آراء تھی۔
(2) انسانی وقار کی پاسداری: ان کا کردار ثابت کرتا ہے کہ اخلاق ایک آفاقی قدر ہے، اور نبی ﷺ نے اس قدر کو مذہب سے بالا قرار دے کر سراہا۔
(3) تاریخ کا واحد غیر مسلم جسے نبی ﷺ نے اس انداز میں خراجِ تحسین پیش کیا کہ
۔۔۔۔ سالوں بعد، غزوۂ بدر کے موقع پر جب مشرکین کے قیدی رسول اللہ ﷺ کے سامنے لائے گئے تو آپ ﷺ نے ایک جملہ کہا جو تاریخ میں مطعم کے مقام کو امر کر گیا: آپ ﷺ نے فرمایا: "اگر مطعم بن عدی زندہ ہوتے اور ان قیدیوں کے بارے میں سفارش کرتے، تو میں احترام میں سب کو بغیر فدیہ کے آزاد کر دیتا۔" (صحیح بخاری)
مطعم اسلامی تاریخ کا وہ "غیر مسلم محسن" ہے جس کے کردار پر خود رسول اللہ ﷺ نے مہرِ تصدیق ثبت کی۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں