جمعرات، 6 دسمبر، 2018

علم اور تدبر

حافظ جی نے تلاوت شروع کی ، ابھی تعوذ بھی مکمل نہ ہوئی تھی کہ کپڑے کے سرپوش سے ڈھکا ایک برتن جو ان کے پاس رکھا ہوا تھا، کے سرپوش میں حرکت پیدا ہوئی اور رکوع شروع کرتے ہی وہ سر پوش ہوا میں اٹھا اور گز بھر کی اونچائی پر جا کر ٹھہر گیا۔ جب حافظ جی نے تلاوت ختم تو وہ سرخ پوش اپنی جگہ پر آ گیا ْ 
یہ واقعہ ایک کتاب میں درج ہے جو پانی پت کے مشہور بزرگ ،اپنے وقت کے قلندر اور روحانی علم کے بہت بڑے ماہر جناب حضرت غوث علی شاہ پانی پتی کی سوانح حیات اور ان کے سفر کی یاداشتوں پر مشتمل ہے۔کتاب کا نام تذکرہ غوثیہ ہے۔ اس کتاب کے مولف جناب حضرت مولانا گل حسین شاہ قادری ہیں۔ جوخود بھی آاسمان روحانیت کے درخشان ستارے ہیں۔یہ واقعہ جناب حضرت غوث علی شاہ پانی پتی کے ایک سفر کی روداد ہے ۔ 
بھوپال میں ہماری ملاقات عبیداللہ عرف قاری لالہ سے ہوئی۔ ہم ان ہی کے پاس مقیم تھے۔ ایک روز ہم نے ان سے ایک عجیب سا سوال کیا۔ سوال یہ تھا کہ کیا کبھی آپ کو کوئی قاری بھی ملے ۔۔؟ انھوں نے ناراض ہونے یا سوال پر معترض ہونے کی بجائے جواب میں فرمایا ہاں ایک دفعہ ہم دکن جارہے تھے تو راستے میں ایک گاوں کی سرائے میں قیام کیا۔۔۔وہاں لوگوں سے پوچھاکیا یہاں کوئی قاری صاحب ہیں۔ لوگوں نے بتایا قاری صاحب کا تو پتہ نہیں البتہ ایک نابینا حافظ صاحب رہتے ہیں جو بچوں کو قرآن پڑھانا سکھاتے ہیںْ۔ ہم نے ان سے ملاقات کی خواہش ظاہر کی۔۔حافط صاحب اپنے حجرے سے باہر نہیں نکلتے تھے۔ طالب علم باری باری اندر جاتے اور سبق لے کر باہر آ جاتے۔۔ اس وقت جو طالب علم اپنی باری کے انتظار میں بیٹھا ہوا تھا۔ ہم نے اس کی معرفت اپنی آمد کی اطلاع بھیجی، حافظ جی نے ہمیں بلوا لیا۔سلام دعا کے بعدہم نے ان سے قرآن پاک کی تلاوت کی درخواست کی۔۔ کہنے لگے پہلے آپ پڑہیے۔ہم نے انکساری ظاہر کی تو وہ اصرار کرنے لگے۔ چنانچہ ہم نے ایک رکوع کی تلاوت کی۔۔ تلاوت ختم کرتے ہی بولے کیا تم قاری لالہ ہو ۔۔؟ ہم حیرت زدہ رہ گئے۔۔پوچھا آپ نے کیسے پہچانا ۔۔؟ وہ بولے پورے ہندوستان میں اتنی خوبصورت تلاوت کرنے والاسوائے قاری لالہ کے کوئی اور ہو ہی نہیں سکتا ۔اس کے بعد ہماری درخواست پر حافظ جی نے تلاوت شروع کی ، ابھی تعوذ بھی مکمل نہ ہوئی تھی کہ کپڑے کے سرپوش سے ڈھکا ایک برتن جو ان کے پاس رکھا ہوا تھا، کے سرپوش میں حرکت پیدا ہوئی اور رکوع شروع کرتے ہی وہ سر پوش ہوا میں اٹھا اور گز بھر کی اونچائی پر جا کر ٹھہر گیا۔ جب حافظ جی نے تلاوت ختم تو وہ سرخ پوش اپنی جگہ پر آ گیا ْ ہم پھٹی پھٹی آنکھوں سے یہ منظر دیکھ رہے تھے۔ہماری حیرت کو دیکھ کرانھوں نے فرمایا تمھیں قال میں کمال ہے اور ہمیں حال میں۔۔پھر بولے اگر ٹھہرو تو ہم تمھیں اور بھی تماشے دکھائیں گے۔۔وہ ہمیں ظہر کے وقت جنگل لے گئے اور ایک کنویں کے پاس پہنچ کر کہنے لگے آو وضو کر کے نماز ادا کر لیں۔اس کنویں پر رہٹ لگا ہواتھا۔ہم نے حافظ جی سے کہا میں رہٹ چلاتا ہوں آپ وضو کرلیں۔۔کہنے لگے زحمت کی ضرورت نہیں۔۔تم ٖفلاں سورۃکنویں کے کنارے کھڑے ہو کر پڑہو۔۔ہم نے پڑہنا شروع کیا۔پانی نے جوش مارا اور کنارے تک آگیا۔۔نمازپڑہنے کے بعد حافظ جی نے کہا پیاس لگی ہے ،تم ایسا کرو فلاں سورۃ پڑھ کر اپنی شہادت کی انگلی پر دم کرواورتین دفعہ رہٹ کی طرف اشارہ کرکے چکر دو۔۔ ہم نے ایسا ہی کیا ، رہٹ خود بخود چل پڑا،حافظ جی نے پانی پیا اور ہم چل پڑے کہ کسان بھاگتا ہوا ہمارے پیچھے آیا ۔۔کہنے لگا یہ آپ کیا کر چلے ہیں، رہٹ ایسے ہی چلتا رہا تو میری فصل تباہ ہو جاٗے گی۔ حافظ جی نے ہم سے کہا ۔۔جاو اسی طریقے سے پڑھ کر انگلی سے تین بار الٹے چکر کا اشارہ کردو۔۔ ہم نے ایسا ہی کیا تورہٹ رک گیا۔
ایسے واقعات صرف کتابوں میں لکھے نہیں ملتے بلکہ ہم ایسے کئی واقعات کے شاہد ہیں جن کو مافوق الفطرت کہا جا سکتا ہے ۔ راولپنڈی سے جی ٹی روڈ پر لاہور کی طرف جائیں تو روات کے بعد کلیام اعوان نام کا قصبہ سڑک کے دائیں طرف آباد ہے ۔ بابافضل دین کلیامی اسی بستی میں محو استراحت ہیں۔ علاقے میں ان سے منسوب بہت سی کرامات مشہور ہیں۔ بابا کلیامی ، بلند درگاہ گولڑہ شریف ( اسلام آباد ) والے حضرت خواجہ پیر مہر علی شاہ کے پیر بھائی تھے۔اور بابا جی کلیامی کی نماز جنازہ بھی حضرت خواجہ پیر مہر علی شاہ گولڑوی ہی نے پڑہائی تھی۔ بابا جی کلیامی کے مزار پر ایک نابینا حافظ صاحب جنوبی پنجاب سے زیارت کے لیے آئے ۔ حافظ صاحب نے قبر کے سرہانے کھڑے ہو کر تلاوت شروع کی۔ کسی نے کہا سبحان اللہ ۔ حافظ صاحب تو ایصال ثواب کے لیے تلاوت فرما رہے تھے مگر سبحان اللہ کی آواز سے انھوں نے جانا کہ کوئی اللہ کے با برکت کلام سے مستفید بھی ہو رہا ہے ۔ ان کی آواز بلند ہو تی گئی ۔ سوز میں اضافہ ہوتا گیا۔ لہن داودی سماعت ہوتی گئی لوگ اکٹھے ہوتے گئے۔جب حافظ صاحب نے رکوع مکمل کیا تو مجمع میں سے ایک صاحب نے انھیں رات کا مہمان بننے کی دعوت دی۔ حافظ صاحب نے بتایا انھیں رات گزارنے کے لیے علیحدہ کمرہ درکار ہوتا ہے ۔ شرظ قبول کر لی گئی۔ رات کے کسی پہر صاحب خانہ تلاوت کی آواز سن کر بیدار ہوٗے انھوں نے دیکھا ۔ حافظ صاحب کے کمرے کا دروازہ نیم وا ہے۔ حافظ صاحب قراٗت میں غوطہ زن ہیں اور کمرے میں بہت سی پرداہ دار خواتین بیٹھی تلاوت سننے میں محو ہیں۔ صبح صاحب خانہ کے استفسار پر حافظ صاحب نے بتایا کہ وہ سب ان کی شاگرد ہیں مگر بنات الآدم نہیں ہیں اور تلاوت سیکھنے ان کے پاس آتی ہیں۔یہ حاٖفظ صاحب مندرہ چکوال روڈ کے کنارے واقع موہڑہ امین کے رہائشی تھے مگر قران کی تعلیم پھیلانے کے لیے جنوبی پنجاب میں جا بسے تھے۔ ان حافظ صاحب کے بھائی جو ائرفورس سے ریٹائرڈ تھے بتایا کرتے تھے کہ ان کی آواز میں ریکارڈ شدہ کیسٹ کی کاپی انھوں نے جس کسی کو بھی دی وہ جنات لے جاتے تھے۔ میں نے تجربے کے طور پر ان سے ایک کیسٹ کی کاپی لی ۔ اور اپنے لکھنے کے میز کی دراز میں رکھ دی۔ چند دنوں کے بعد وہ کیسٹ غائب ہو گئی۔
صاحب تذکرہ غوثیہ نے قاری لالہ کا جو واقعہ لکھا ہے یا دوسری کتابوں میں جو قصے بزرگ لوگ لکھتے ہیں ان کا مقصد یہ ہوتا ہے کہ قاری ایسے قصے پڑھ کر اس حقیقت کو جانیں کہ پڑہنے اور غور و خوض میں فرق ہوتا ہے۔اللہ تعالیٰ نے اپنی نازل کردہ کتاب میں انسان کو سمجھ آنے والے الفاظ مین بتا دیا ہے کہ اس میں ماننے والوں کے لیے ہدائت اور شفا ہے۔ غور و تدبر کی بھی ہدائت ہے۔
امریکہ کے خلائی ادارے ناسا میں قرآن سیل کے نام سے ایک تحقیقی مرکز ہے ۔ جہاں محقیقین میں کئی ملکوں کے ماہرین شامل ہیں۔ علم کا حق ہے اس پر تدبر کیا جائے اور جو اپنے علم پر تدبر کرتا ہے اس علم کا ماہر بن جاتا ہے۔علم میں تدبر کاکام کبھی اہل یونان کیا کرتے تھے۔ افلاطون اور ارسطوکا نام آج بھی زندہ ہے۔ پھر یہ کام عربوں نے سنبھالا ۔نویں اور تیرھویں صدی کے درمیان ریاضی،فلکیات، طب، کیمیاء ، طبیعات ،فلسفے ، تاریخ ، سیاحت، حیوانات اور جغرافیے کے علوم میں زندہ ناموں میں ابن الہیثم، جابر بن حیان،الاحصمی، خوارزمی، ابن فرناس، جابر بن سنان، فارابی اور بہت سے دوسرے شامل ہیں۔ تیرہویں صدی کے بعد روحانی علوم کے سوا ہر قسم کے علوم میں اہل یورپ اور اہل امریکہ نے تدبر اور تحقیق کا بیڑا اٹھایا۔ دریا بیڑے ہی سے پار ہوتا ہے لیکن بیڑے کو پار تدبر ہی لگاتا ہے۔

منگل، 4 دسمبر، 2018

عامل بمقابلہ موکل

عملیات کی دنیا میں عبدلقیوم جانا پہچانا نام ہے۔ موکلات، جنات اور ہمزاد پر قابو پانے کے شائقین عبدلقیوم کو استاد کا رتبہ دیتے ہیں۔ انھوں نے اپنی زندگی کابڑا حصہ چلے کاٹنے میں صرف کر دیا تھا۔ وہ ان علوم کے اتنے بڑے ماہر تھے کہ ان کے پائے کا کوئی عامل بر صغیر میں نہیں تھا (میرے علم کے مطابق، جو کہ ناقص ہے) ۔ انھوں نے اس علم پر دسترس کے لیے کیسے کیسے چلے کیے ان میں سے ایک کی روداد آپ کی نظر ہے۔عبدالقیوم نے سنیاس کا علم کسی ہندو سنیاسی سے سیکھا تھا مگر وہ ڈھاکہ کے ایک عامل سے اس قدر متاثر ہوئے کہ سنیاس کو خیرباد کہہ کر عملیات سیکھنے بنگال جا پہنچے۔ مگر عامل نے کچھ سکھانے سے انکار ہی کردیا۔ ان کی منت سماجت بھی جب بے کار ہو گئی تو یہ عامل کی چوکھٹ پر بیٹھ گئے ۔ کھانا پینا نہ موسم کی پراہ، چند دنوں کے بعد ہی ان کی حالت غیر ہونے لگی توان کے ارادے کی پختگی اور شوق نے عامل کر متاثر کر ڈالا۔آگے کی داستان ان ہی کی زبانی

بابا جی کو رحم آ ہی گیا ۔ وہ میرے پاس آئے مجھے اٹھاکر کہنے لگے تیرے شوق نے مجھے حیران کر دیا ہے۔ انھوں نے مجھے ایک دوا کھلائی پھر کھانا کھلایاجس سے میرے قوت تیزی سے بحال ہوئی۔ انھوں نے کہا تم بہت دور کے رہنے والے ہو ۔ تم سندھ میں پانجے ملنگ کے پاس چلے جاو ۔ اس کو میرا بتانا۔ تم جو چاہتے ہو وہ تمھیں سکھا دے ۔ انھوں نے پانجے ملنگ کے نام ایک کاغذ بھی لکھ دیا۔میں نے لمبے اور تکلیف دہ سفر کے بعد سندھ میں پانجے ملنگ کو ڈہونڈ ہی لیا۔پانجے نے مجھے دیکھتے ہی کہا ْ میرے پاس وہی آتا ہے جس کی بد قسمتی کا آغاز ہو چکا ہو ْ ۔جو کچھ تم سیکھنا چاہتے ہو اس میں ناکامی کی کم ازکم سزا پاگل پن ہے۔خوف سے تمھاری موت بھی واقع ہو سکتی ہے۔ سوچ لو۔ میں تو سوچ کر اور فیصلہ کرکے ڈھاکے سے سندھ آیا تھا۔ میرے شوق کی گہرائی اور قوت ارادی کی مضبوطی کو دیکھ کر پانجے نے کہا میں تمھیں ایک آسان سا عمل بتاتا ہوں اگر تم اس میں کامیاب ہو گئے تو تمھارے لیے اگلے اعمال کی راہ کھل جائے گی۔

پانجے نے مجھے پیسے دیے اور بازار سے کدال، کسی اور بیلچہ لانے کا کہا۔ مجھے ہداٰت ملی کہ زمین میں کبوتروں کی گمیل کی طرح گڈھا کھودوجو تمھارے قد سے بھی گہرا ہو۔نیچے سے اسے اپنے قد سے زیادہ لمبا اور چوڑا کر دو۔جب یہ قبر نما گڑھا تیا ر ہو گیا تو پانجے استاد نے گڑھے کی تہہ سے ڈیڑھ ہاتھ کی اونچائی پر ایک بڑا سا طاق بنوایا۔پھر بازار سے کالے رنگ کا کپڑا،ایک مٹی کا گھڑا، ایک پیالہ ، ایک کنستر سرسوں کا تیل اور پانچ کلو جو لے کر ماچھی کی بھٹی سے بھنوا لانے کا کہا۔جب سب سامان حاضر ہو گیا تو پانجے استاد نے کہا بیٹے اب آرام کرو۔میں تمھیں بتاوں گا کب تم نے اس قبر میں اتر کر موت سے لڑنا ہے۔اس دوران پانجے استا د نے مختصر سا عمل بھی میرے ذہن نشین کر دیا۔ جو میں نے مسلسل پڑہتے ہی رہنا تھا۔یہ اکیس دن کا عمل تھا۔اس عمل کے دوران دن کے وقت چندگھنٹے سونے کی اجازت تھی وہ بھی دیوار کے ساتھ ٹیک لگا کر بیٹھ کر اس عمل میں لیٹنا منع تھا۔پیشاب وغیرہ کی حاجت کے لیے باہر آنے سے پہلے استاد کو بتانا تھا۔کھانے کے لیے بھنے جو اور پیاس کی صورت میں گھڑے سے پانی پینا تھا۔ استاد کا کہنا تھاتم اندر عمل کر رہے ہو گئے مگر میں باہر بیٹھ کر تمھاری حفاظت کروں گا۔ اس نے میرے اندر یہ یقین پیدا کر دیا تھا کہ میں جو بھی دیکھوں اس سے ڈروں نہیں ۔ڈراونے منظر صرف ڈرانے کے لیے ہوں گے نقصان نہیں پہنچا سکیں گے۔چاند کے ماہ کا آخری اتوار تھا۔میں نے سارا سامان اپنی ہی کھودی ہوئی گھڑا نما قبر میں پہنچا دیا۔ عصر کے وقت پانجے سے اپنی جھگی سے ایک بڑا سا مٹی کا دیا نکال کر مجھے دیا۔ میں نے ادھا کنستر تیل اس میں ڈال کر طاق میں رکھ دیا۔ استاد نے دیا سلائی دی اور دیا روشن کرنے کا کہا۔ تیاری مکمل ہو چکی تھی۔ میں نیچے اتر گیا استاد نے گڑھے کے منہ کو کالے کپڑے سے بند کر دیا۔میں طاق کی مخالف سمت میں منہ کر کے دیے کے سامنے کھڑا ہو گیااور ورد پڑہنا شروع کر دیا۔ نگاہ اپنے سائے کی گردن پر مرکوز کر لی۔ ساتویں دن رات کا آخری پہر تھامجھے بادلوں کے گرجنے جیسے آوازیں سنائی دیں ساتھ ہی میرے سائے میں روشنی پیدا ہوا۔ جیسے بے جان سائے مین جان پڑھ گئی ہو۔مجھے اپنے سائے میں کئی مناظر دکھائی دیے لیکن میں ڈرا نہ اپنا ورد چھوڑا۔ مجھے دنوں کی گنتی بھول چکی تھی البتہ میں کسی بھی ڈراونے منظر کو دیکھنے کے لیے ذہنی طور پر تیار تھا۔ میں نے استاد کی آواز سنی وہ کہہ رہا تھا بچے دل مضبوط رکھنا آج چوہدویں رات ہے وہ صرف ڈرا سکتے ہیں تجھے کوئی نقصان نہیں پہنچا سکتے۔مگر کچھ بھی غیر معمولی واقعہ نہ ہوا اگلی را ت شروع ہوتے ہی مجھے جنگلی درندوں نے آ کر ڈرانا شروع کر دیا۔وہ بھاگ کر آتے اور مجھ پر حمل آور ہونے کی کوشش کرتے۔مجھے یقین تھا یہ سب ڈرانے کے حربے ہیں میں اپنے مقصد پر جما رہا۔ پتہ نہیں کتنی راتیں بیت چکی تھیں کہ مجھے اپنے سائے میں ایک مرد اور عورت نظر آئے کافی بچے بھی ان کے ساتھ تھے۔منظر ایک جنگل کا تھا۔ عورت مرد سے کہتی ہے بھوک لگی ہے ، بچے بھی بھوکے ہیں کچھ کھانے کو دو۔مرد ایک بڑا سا کڑاہا لاتا ہے ۔ اس مین تیل ڈال کر اس میں گوشت کے ٹکڑے ڈال دیتا ہے۔عورت کہتی ہے اس کے نیچے آگ جلاو،مرد بہت ساری لکڑیاں لا کر کڑاہے کے نیچے آگ جلاتا ہے۔ساری لکڑیاں چل گئی عورت کہتی ہے تیل تو گرم ہی نہیں ہوا اور لکڑیاں بھی ختم ہو گئی ہیں۔اب کیا کرو گے۔مرد نے ایک بچہ پکڑا اور انگاروں کے اوپر رکھ دیا بچہ چیختا رہا مگر مرد نے اسے جلا دیا۔عورت کہتی ہے تیل تو پھر بھی گرم نہیں ہوا۔ مرد دوسرے بچے کو جلاتا ہے۔ بچوں کی چیخیں نکلی رہیں اور مرد نے سب بچوں کو ایک ایک کر کے جلا دیامگر تیل گرم نہ ہوا۔ عورت نے کہا اب کیاکرو گے۔مرد کہتا ہے یہ سامنے جو عمل کر رہا ہے اب اس کی باری ہے۔ مرد نے ہاتھ میری طرف بڑہایا لیکن مجھے معلوم تھا یہ صرف ڈراسکتے ہیں نقصان نہیں پہنچا سکتے ۔ میں خوفزدہ ہوا نہ اپنا ورد چھوڑا۔ اس کے ساتھ ہی مرد اور عورت نے اپنا کڑاہا اٹھایا اور غائب ہو گئے۔

اٹھارہ ، بیس گھنٹے کھڑے ہو کر ایک ہی جملے کو ہر سانس کے ساتھ دہراتے رہنااتنا مشکل ثابت نہ ہوا اصل پریشانی تیل کے جلنے سے پیدا ہونے والے دھویں کی تھی، جسمانی نقاہت، نیند کی کمی ، میں وقت کا احساس کھو چکا تھا، لگتا تھا میں صدیوں سے یہیں کھڑا ہوں، لیکن میں جس مقصد کے لیے کھڑا تھا اس کو پورا کرکے مجھے جو قوت حاصل ہونی والی تھی اس امید کا بڑا سہارا تھا۔مین موٹے موٹے مناطر بتا رہا ہوں ورنہ یہ تھی کہ ایک کوٖ دور ہوتا تو دوسرا شروع ہو جاتاْ استاد پانجے کی ٓواز سنائی نے میرے اندر گویا نئی اندگی پھونک دی۔ بچے یہ آخری رات ہے اور مقابلہ سخت ہے۔ ڈرنا نہیں وہ کچھ بھی کر لیں تجھے نقصان نہین پہچا سکتے۔بس ورد کسی صورت نہ چھوڑنا، ساتھ ہی مجھے ایک خونخوار جانور نظر آیا اس نے بار بار مجھ پر کیا۔مجھے اس کا حملہ نظر آتا تھا۔ وہ خونخوار قسم کے دانت میرے جسم میں گاڑتا مگر مجھے نہ کوئی زخم آیا نہ درد محسوس ہوا۔ مجھے نہیں معلوم یہ عمل کتنی دیر جاری رہا ۔ استاد کی موجودگی کا بھی سہارا تھا۔ باربار استاد کی یقین دہانی بھی جاری تھی کہ کوئی چیز تجھے نقصان نہیں پہنچا سکتی ۔ اج آخری رات ہے تیرا عمل کامیاب ہو رہا ہے بس ڈر نا نہیں ۔ شیر جسم میں دانت گاڑھ دے اور انسان ڈرے نہ۔ مگر میں پسینے سے شرابور ضرور ہو گیا مگر اپنا ورد نہیں چھوڑا۔ مجھے معلوم تھا یہ ورد ہی میرا محافظ ہے۔ شیر نما جانور انسانی آواز مین بول پڑا۔تم تو انتہائی ڈہیٹ ہو۔فکر نہ کرو میں اپنے دادے کو بھیجتا ہوں وہی تمھارا علاج کرے گا اج تم زندہ نہیں بچوگے۔ استاد نہ ڈرنے کی باربار تلقین کر رہا تھا۔ بار بار یاد دلاتا آج آخری رات ہے ۔ آج نہ ڈرے تو تم دنیا کے سب سے بڑے عامل ہو گے۔ بس اپنا ورد نہ چھوڑنا۔ کامیاب تم ہی ہو گے۔اتنے میں میرے سائے میں ایک سفید رنگ کا سانپ نظر آیا۔کھلا منہ ، نوکیلے دانت، اس کی پھنکار ایسی خوفناک کہ میں نے زندگی میں ایسی ڈراونی آواز نہ سنی تھی۔ میرا جسم پسینے مین شرابور تھا۔ زندگی ہر جاندر کو عزیز ہوتی ہے ۔ استاد کی موجودگی اور اس کی بار بار کی اس یقین دہانی سے کہ وہ مجھے کوئی جسمانی نقصان نہین پہنچا سکتا مجھے کافی سہارا ملا۔ سانپ پھنکارتا رہا مجھے ڈسنے کے لیے حملہ کرتا دکھائی دیتا مگر مجھے ڈس نہ سکا۔ اس کے بعد اس نے میری ٹانگوں کے گرد لپٹنا شروع کیا ۔ میں خوف زدہ تو ہوا مگر واحد سہارا ورد کا تھا۔ میری آواز خوف کے باعث اونچی ہوتی چلی گئی۔ باہر سے استاد کی تلقین بڑھ گئی۔ سانپ کی پھنکار، میری ورد کرتی کانپتی آوازاور استاد کی تلقین کرتی آوازوں میں سانپ اپنا گھیرا سینے تک مکمل کر چکا تھا۔ استاد نے بار بار کہتا ڈرنا نہیں میں تیرے پاس موجود ہوں۔ میں عمل کررہا ہوں ۔جو بھی ہے تجھ سے انسانی زبان میں بات کرے گا ، ڈرنا نہیں تمھارا عمل کامیاب ہو چکا ہے تم دنیا کے سب سے بڑے عامل بننے والے ہو ، بس ڈرنا نہیں اور جب تک یہ جس شکل میں بھی ہے انسانی آواز میں تجھ سے بات نہ کرے اپنا ورد نہیں چھوڑنا۔سانپ نے اپنا منہ میرے چہرے کے بالکل سامنے کر لیا مجھے لگا ابھی مجھے ڈسنے کے لیے حملہ کرے گا ۔ مگر سانپ میرے جسم سے علیحدہ ہو گیا ۔ نیچے اتر کر اس نے انسانی آواز میں کہا۔ عامل صاحب بولو مجھ سے کیا چاہتے ہو، میں نے استاد پانجے کی بتائی شرطیں اسے بتائیں اور حاضری کا طریقہ پوچھا۔ جواب میں اسنے اپنی تین شرطیں بتائیں۔ ہمارے معاملات طے ہوگئے۔ میری محنت رنگ لے آئی۔ استادپانجے میرا ہاتھ پکڑ کر باہر نکالاْگلے لگایا اور مبارک بادی دی۔ نقاہت کے باعث میرا کھڑا ہونا مشکل تھا۔میں نے استاد سے کہا مجھے طاقت کے لیے کوئی نسخہ دیں۔ پانجے استاد نے کہا ۔جوجو شکلیں تم نے دیکھیں ہیں سب موکل تیرے قابومیں آ چکے ہیں ۔ ان سے نسخے بھی لو اور خدمت بھی کراو۔ تم اب میرے بعد دوسرے نمبر پر ہو اور تمھارے مقابلے کا کوئی عامل پورے ملک میں نہیں ہے ۔دراصل میں ایک عفریت کو تابع کرنے میں کامیاب ہوا تھا ۔ جو معمولی کامیابی نہ تھی۔ چند ہی دنوں میں مجھے عفریت کی طاقتوں کا اندازہ ہوگیا۔ میں ہر وہ چیز حاصل کر سکتا تھاجس کا تصور ہو سکتا ہے۔ 

تسخیر جنات 2

میں نے گذشتہ کالم میں حضرت میاں محمد شیر صاحب سے خواجہ حسن نظامی صاحب کی ملاقات کا ذکر کیا تھا۔ نظامی صاحب لکھتے ہیں کہ ان کی موجودگی میں کچھ لوگ نینی تال کے پہاڑ سے ایک عورت کو لائے۔ اس عورت کی آنکھیں لا ل تھیں اور وہ بہک رہی تھی۔ساتھ والوں نے کہا اس عورت پر آسیب ہے۔شاہ صاحب (حضرت میاں محمد شیرصاحب) نے فرمایا تیل منگواو۔ تھوڑی دیر میں تیل آگیا۔ شاہ صاہ نے کہا تیل کا ایک ایک قطرہ اس کے دونوں کانوں میں ڈالو۔ تیل ڈالتے ہی عورت بھلی چنگی ہو گئی۔ اس کی آنکھوں کی لالی جاتی رہی اور اس کے حواس بھی بحال ہو گئے۔شاہ صاحب نے مجھ (خواجہ حسن نظامی صاحب ) سے فرمایا لوگ کہیں گے یہ ہماری کرامت سے اچھی ہو گئی حالانکہ اس میں ہماری کوئی کرامت نہیں ہے ۔ تم نے دیکھا ہم نے تیل کو ہاتھ لگایا نہ کچھ دم کر کے پھونکا۔دراصل اس کے سر مین خشکی تھی ۔تیل ڈالنے سے سر کی خشکی جاتی رہی اور عورت ٹھیک ہو گئی۔ اس کے بعد ارشاد فرمایا میاں جب ہم تمھاری عمر کے تھے تو ہمیں بھی ہمزاد اور جنات کی تسخیر کا شوق ہوا۔ ہمیں ایک شخص نے جنات اور ہمزاد کو اپنے تابع کرنے کا عمل بتایا ۔ میں نے مسجد میں جا کر اس کو پڑہنا شروع کیا ۔ ایک غیبی چیز نے ہمیں مسجد کے بوریے میں لپیٹ کر مسجد کے ایک کونے میں کھڑا کر دیا۔ہم بمشکل بوریے سے نکلے ، بوریے کو بچھایا اور دوبارہ عمل پڑہنا شروع کر دیا۔ پھر کسی نے ہمیں بوریے میں لیٹ کر کونے میں کھڑ ا کردیا۔تین دفعہ ایسا ہی ہوا۔چوتھی بار ایک آدمی ہمارے سامنے آیا اور کہا تم یہاں کیوں بیٹھے ہو اور کیا پڑھ رہے ہو۔ ہم نے کہا جنات اور ہم زاد کی تسخیر کا عمل پڑھ رہا ہوں۔اس آدمی نے کہا او دیوانے تو خدا کا مسخر ہو جا اس کا فرمانبردار بن جا ساری مخلوق تیرے تابع ہو جاے گی۔ ہم جنات بھی اسی کی مخلوق ہیں ہم بھی تیرے تابعدار ہو جائیں گے۔اس دن سے تو میاں ہم نے جنات اور ہمزاد کی تسخیر کے عمل چھوڑ دیا اور خدا کے دروازے پر بیٹھ گئےْ 

میرے استاد محترم نے بھی تسخیر جنات کا کوئی چلہ نہیں کیا ہوا مگر ان کے شاگردوں اور مریدوں میں بڑی تعداد میں جنات شامل ہیں۔ایک بار جنات کی طویل عمری بارے بات ہو رہی تھی ۔ استاد جی نے بتایا ان کے ایک مرید جن کی عمر دو ہزار سال سے زیادہ ہے۔کسی مرید کے استفسار پر انھوں نے بتایا کہ رسالت ماب ﷺ کے دور میں وہ جن موجود تھا۔ نبی اکرم ﷺ کے بارے میں اس نے سنا بھی تھا مگر وہ مسلمان بعد میں ہوا اس لیے زیارت سے محروم رہا۔اب وہ جن نہ صرف مسلمان ہے بلکہ عبادت میں بہت رہاضت کرتا ہے ۔ اپنے قبیلے کا روحانی سربراہ اور استاد و پیر ہے۔صرف وہی نہیں اور بہت سارے جنات استاد جی کی خدمت میں حاضر رہتے ہیں اور منتظر رہتے ہیں کہ ان کی زبان سے کوئی حکم نکلے جسے پورا کر کے وہ اپنی عقیدت کو بجا لا سکیں۔نو وارد مرید اور شاگرد ایسی باتوں کو حیرت سے سنتے اور واقعات کو دیکھتے ہیں۔حالانکہ اس میں حیران ہونے کی بات نہیں ہے۔شاہ جی نے خواجہ حسن نظامی کو یہی ایک جملہ ہی تو سمجھایا تھاکہ خدا کے تابع ہو جاو ساری مخلوق تمھارے تابع ہو جائے گی۔یہ وہ حقیقت ہے جس کی شریعت تائید کرتی ہے۔ اصل بات یہ ہے کہ علم پر ہر قسم کی اجارہ داری صرف اور صرف خداے بزرگ و برترین ہی کی ہے وہ جس کے کاسہ گدائی میں جتنا ڈال دے۔ کاسہ اپنے اپنے من کی مقدار کا ہوتا ہے۔ علم عقل کو حیران کرتا آیا ہے۔ اژدھے کا لکڑی کے ڈندے والا قصہ آپ نے بھی پڑھ رکھا ہے۔ پتھر سے چلتی پھرتی اونٹنی کے برامد ہونے کا قصہ بھی آپ نے سن رکھا ہے۔ڈوبتے سورج اور ٹکڑوں میں بٹے چاند کی داستان زیادہ پرانی نہیں ہے۔ یہ سوال بجا ہے کہ یہ پیغمبروں کے معجزے ہیں مگر رکے دریا کو خط لکھنے والا تو پیغمبر نہ تھا۔یہ حقیقت ہے کہ اتباع محمدی ﷺ انسان میں کراماتی صفات کا سبب بن جاتی ہے البتہ یاد رکھنے والی بات یہ ہے کہ طالب علم کی سولہ سال کی مسلسل محنت اس کو ماسٹر کی ڈگری کا حقدار بنا دیتی ہے۔کمال طالب علم کی ذات میں نہیں بلکہ سولہ سال کی مسلسل اور مہربان اتالیق کی زیر سرپرستی محنت اور جدوجہد میں ہے۔ 
میں ایک بار تبلیغی جماعت کے ہم سفر تھا۔ وہ لوگ چلہ لگانے نکلے ہوئے تھے۔ان میں ایک بزرگ ایسے بھی تھے جن کے بارے میں مشہور تھا کہ ان کی زبان سے جو کلمہ نکل جائے سچ ہو جاتا ہے۔ مگر وہ سوتے،کھاتے اور بولتے کم ہی تھے ۔ پڑہتے اور سنتے زیادہ تھے۔جنات کے بارے ان کا کہنا تھا کم عقل مخلوق ہے اور ان کی تسخیر سے کسی کو کیا مل سکتا ہے۔ البتہ انسان اپنے آپ ہی کواپنا تابع کر لے تو جنات کو قابو کرنے سے بڑی کامیابی ہے۔
استاد جی کو خوشبو کے استعمال کا شوق ہے البتہ دیکھا یہ گیا ہے کہ خوشبو پاکیزہ لوگوں ہی پر کھلتی ہے۔ خیالات، ارادوں، اعمال، معاملات میں پاکیزگی انسان میں خلق خدا کی خدمت کا جوہرکھولتی ہے ۔ جو انسان خدا کی مخلوق کی خدمت میں لگ جاتا ہے۔ خدا اس کو دوست بنا کر علم کے استعمال کا سلیقہ عطا کرتا ہے۔ 

پیر، 3 دسمبر، 2018

نیا امتحان

: نیا امتحان: اس سال 16 جنوری کو ایوان صدر میں ایک اجلاس ہوا تھا جس میں ملک کے تمام مسالک ، وفاق ہائے مدارس کے نمائندے ، علماء کرام اور مشائخ عظام ش...

اردو کالم اور مضامین: نیا امتحان

اردو کالم اور مضامین: نیا امتحان: اس سال 16 جنوری کو ایوان صدر میں ایک اجلاس ہوا تھا جس میں ملک کے تمام مسالک ، وفاق ہائے مدارس کے نمائندے ، علماء کرام اور مشائخ عظام ش...